پٹرولیم لیوی معاملہ: حکومت اور جماعت اسلامی میں مذاکرات، مزید 3 دن کی مہلت طلب

08:48 PM, 10 Sep, 2026

اسلام آباد: پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا۔

جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی نے مذاکرات کے دوران اپنا مؤقف پیش کیا، جبکہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو واضح انداز میں پیش کیا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومت کو 6 نکات پر مشتمل اپنا مؤقف پیش کیا اور تمام مطالبات کے حق میں تفصیلی دلائل دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی جماعت اسلامی کے پیش کردہ دلائل کو رد نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے مزید 3 دن کی مہلت طلب کی ہے۔ حکومتی وفد نے جماعت اسلامی سے بھی درخواست کی ہے کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال مزید 3 روز تک نہ دی جائے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر قائم ہے۔

مزیدخبریں