کیلیفورنیا : ایپل نے اپنے نئے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس صارفین کے سامنے پیش کردیے ہیں۔ نئی سیریز میں کمپنی نے پروسیسنگ پاور، کیمرا ٹیکنالوجی اور بیٹری ٹائمنگ پر خاص توجہ دی ہے، تاہم دونوں ماڈلز کی قیمتوں میں گزشتہ نسل کے مقابلے میں اضافہ کیا گیا ہے۔
آئی فون 18 پرو کی قیمت 1,199 ڈالر سے شروع ہوگی جبکہ 18 پرو میکس کا ابتدائی ماڈل 1,299 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔ دونوں فونز میں 256 جی بی اسٹوریج بنیادی آپشن کے طور پر دیا گیا ہے، جبکہ صارفین کے لیے پہلی بار 2 ٹی بی تک اسٹوریج کا انتخاب بھی موجود ہوگا۔
ایپل کے مطابق نئے فونز کے پری آرڈرز 12 ستمبر سے لیے جائیں گے اور مارکیٹ میں ان کی فروخت 18 ستمبر سے شروع ہوگی۔
بیٹری کے حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ آئی فون 18 پرو تقریباً 15 منٹ میں 50 فیصد چارج ہوسکتا ہے، جبکہ صرف پانچ منٹ چارج کرنے پر قریباً چھ گھنٹے ویڈیو پلے بیک ممکن ہے۔ عام استعمال میں 18 پرو کی بیٹری تقریباً 24 گھنٹے اور پرو میکس کی تقریباً 30 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔
ویڈیو دیکھنے کی صورت میں 18 پرو تقریباً 36 گھنٹے جبکہ 18 پرو میکس 45 گھنٹے تک کا بیک اپ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کارکردگی کے لیے ایپل نے دونوں فونز میں نئی A20 پرو چپ استعمال کی ہے، جو 2 نینو میٹر پروسیس پر تیار کی گئی ہے۔ نئی چپ سے بہتر پرفارمنس اور تھرمل مینجمنٹ کی توقع کی جارہی ہے۔
کیمرا ڈیپارٹمنٹ میں بھی اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ فون میں 48 میگا پکسل مین فیوژن کیمرا شامل کیا گیا ہے جس کے ساتھ ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی دی گئی ہے۔
آئی فون 18 پرو سیریز بلیک، سلور، گلیشیئر اور نئے برگنڈی رنگوں میں دستیاب ہوگی۔