اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں جاری سیلابی صورتحال اور اس کے باعث ہونے والے نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی اور زرعی ایمرجنسی کی اصولی منظوری دی گئی تاکہ فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ حکام پر مشتمل اجلاس جلد بلانے کی ہدایت کی، تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
کابینہ نے زرعی زمینوں اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور کسانوں کی معاونت کے لیے عملی تجاویز پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف تضحیک آمیز مواد کی اشاعت کی سخت مذمت کی گئی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے افواج پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کے اہلخانہ کو قوم کی طرف سے شاندار اعزاز دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر کو ہر فورم پر روکا جائے اور انہیں بھرپور جواب دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔