وفاقی کابینہ کی منظوری، آر ایل این جی کنکشنز سے گیس کے منتظر صارفین کو ریلیف

06:45 PM, 10 Sep, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت اور وزارتِ پیٹرولیم کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے گیس کنکشن کے منتظر صارفین کو ری-گیسفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کنکشنز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ اس اقدام سے نہ صرف صارفین کو گیس کی فراہمی میں آسانی ہوگی بلکہ آر ایل این جی کی قیمت، ایل پی جی کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد کم ہوگی، جس سے گھریلو صارفین کو مالی ریلیف ملے گا۔ اس منظوری کے بعد سوئی سدرن اور سوئی ناردرن گیس کمپنیاں کنکشنز کی فراہمی کا عمل جلد شروع کریں گی۔

مزید برآں، وفاقی کابینہ نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان علاقائی تجارتی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے سہ فریقی حکومتی فریم ورک معاہدے کی توثیق کی ہے، جو گزشتہ ماہ دستخط ہوا تھا۔ اس معاہدے کا مقصد خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور نقل و حمل کے روابط کو مضبوط کرنا ہے۔

اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC)، بین الحکومتی تجارتی لین دین کمیٹی (CCoIGCT) اور قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی (CCLC) کے فیصلوں کو بھی منظور کیا گیا۔

مزیدخبریں