جناح ہاؤس حملہ کیس میں اہم پیش رفت! تین پی ٹی آئی رہنما اشتہاری قرار دیے جانے کے قریب!

03:10 PM, 10 Sep, 2025

لاہور:انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں مسلسل غیر حاضری پر تحریکِ انصاف کی تین رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، جہاں پولیس کی درخواست پر عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ بھٹہ کے اشتہارات جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

عدالت نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ پولیس دو اکتوبر تک تینوں خواتین کے اشتہارات شائع کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروائے۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ خواتین 9 مئی کے دیگر مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور اب جناح ہاؤس کیس میں عدالت کے سامنے پیش ہونے سے گریزاں ہیں۔تحقیقات کے مطابق، تینوں خواتین سزا کے بعد سے مفرور ہیں۔

تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے، جس پر عدالت نے حکم جاری کر دیا ہے۔

مزیدخبریں