وائی فائی سے دل کی دھڑکن چیک کرنا اب ممکن ہو گیا

03:19 PM, 10 Sep, 2025

کیلیفورنیا : سائنسدانوں نے ایک ایسا نیا طریقہ ایجاد کیا ہے جس سے وائی فائی سگنلز کے ذریعے دل کی دھڑکن کو بغیر کسی پہننے والی ڈیوائس کے جانچا جا سکتا ہے۔ امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے محققین نے ‘پلس فائی’ نامی سسٹم بنایا ہے جو عام وائی فائی سگنلز کو استعمال کرکے دل کی دھڑکن کو مانیٹر کرتا ہے۔

یہ نظام دل کی دھڑکن کی چھوٹی سی لہر کو پکڑتا ہے جو وائی فائی سگنلز کے ساتھ تعامل کرتی ہے، اور پھر مشین لرننگ کی مدد سے اس کا تجزیہ کرتا ہے۔ پلس فائی صرف 5 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن کو پڑھ سکتا ہے اور تین میٹر کی دوری سے بھی کام کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی وائرلیس مانیٹرنگ معمر افراد کی دیکھ بھال اور فوری طبی مدد میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ چونکہ وائی فائی سگنلز ہر جگہ ہوتے ہیں اور دیواروں کے پار بھی جا سکتے ہیں، اس لیے کیمرے والی نگرانی کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی، جس سے پرائیویسی کے مسائل بھی کم ہوں گے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سسٹم سستے ہارڈویئر پر چل سکتا ہے، جو اسے ہر جگہ استعمال کے قابل بناتا ہے۔ سائنسدان اب اس پر مزید کام کر رہے ہیں تاکہ اس سے سانس اور نیند کی نگرانی بھی کی جا سکے۔

مزیدخبریں