سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی کتاب کی رونمائی،تقریب وفاقی وزیر اطلاعات کا اہم خطاب

11:07 AM, 10 Sep, 2025

اسلام آباد : اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی تصنیف کی رونمائی کی۔ خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کے لیے بے شمار خدمات انجام دی ہیں اور ملکی سفارت کاری میں ان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو ہمیشہ دو قومی نظریے کی روشنی میں سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی جارحانہ رویہ اختیار نہیں کیا بلکہ خطے میں امن قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔

وزیر اطلاعات نے پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کو ہمیشہ ناکام بنایا اور ملکی دفاع میں قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر اقلیتوں کے خلاف ظلم و ستم اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد کیے۔

کینیڈا اور دیگر ممالک میں سکھوں کے قتل کے واقعات کو بھارتی دہشت گردی کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے، عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سفارت کاری کی مہارت سے عالمی سطح پر اپنا مؤثر موقف پیش کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہماری افواج نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا کو بھی محفوظ بنانے کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور پاکستان ہمیشہ امن، انصاف اور استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں