کراچی میں بارش، آج سکول اور یونیورسٹیوں میں چھٹی کا اعلان

09:41 AM, 10 Sep, 2025

کراچی : کراچی میں مسلسل بارشوں کے باعث آج شہر بھر کے تمام اسکول اور تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

بارش کے باعث ڈاؤ یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کراچی کے مختلف علاقوں جیسے ملیر، قائدآباد، شاہ فیصل کالونی، سرجانی ٹاؤن، صفورا، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، صدر، کلفٹن اور شاہراہِ فیصل میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش جاری ہے، جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزیدخبریں