سونے میں کمی، چاندی کی قیمت میں تیزی

07:07 PM, 10 Oct, 2025

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ چاندی کی قیمتوں نے نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، 24 قیراط خالص سونے کا فی تولہ نرخ 4 ہزار 578 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 20 ہزار 600 روپے پر بند ہوا ہے، جو گزشتہ روز 4 لاکھ 25 ہزار 178 روپے کی بلند ترین قیمت سے کم ہے۔

اسی طرح، 24 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 924 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 60 ہزار 597 روپے پر پہنچ گیا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 30 ہزار 547 روپے ریکارڈ کی گئی۔

عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جہاں فی اونس سونا 44 ڈالر کی کمی کے ساتھ 3 ہزار 995 ڈالر ہو گیا ہے۔

دوسری طرف، چاندی کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا اور اس نے نئی بلند ترین سطح حاصل کی ہے۔ 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 34 روپے کے اضافے کے ساتھ 5 ہزار 100 روپے پر پہنچ گئی ہے، جبکہ 24 قیراط 10 گرام چاندی کی قیمت میں 29.42 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اب 4 ہزار 372 روپے ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی چاندی کی قیمت 50.13 ڈالر فی اونس کی سطح پر برقرار ہے۔

مزیدخبریں