سعودی وژن 2030 سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب

12:20 PM, 10 Oct, 2025

اسلام آباد :  وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 سے ترقی اور اصلاحات کے حوالے سے کئی سبق حاصل کر سکتا ہے۔

سعودی سرمایہ کاروں اور اوورسیز چیمبر آف کامرس سے ورچوئل خطاب میں انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 دنیا بھر میں تیزی سے ابھرنے والا ماڈل بن چکا ہے اور پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک تاریخی دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور حالیہ اقدامات کے باعث ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے۔ ان کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی معاشی صورتحال کو مثبت قرار دیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت توانائی، ٹیکس اور دیگر معاشی شعبوں میں بنیادی اصلاحات کر رہی ہے، اور یہ عمل تمام فریقوں کی مشاورت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات میں اضافے اور کیش لیس معیشت کی طرف پیش رفت کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جس سے شفافیت بڑھے گی اور معیشت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے آج رات واشنگٹن روانہ ہوں گے۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جس پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں