کیلیفورنیا : امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے اپنے صارفین کے لیے ایک دلچسپ اور نیا فیچر شروع کیا ہے، جس کے ذریعے اب آپ اپنے موبائل فون کو کنٹرولر بنا کر ٹی وی پر ویڈیو گیمز کھیل سکیں گے۔
نیٹ فلکس کے چیف ایگزیکٹو گریگ پیٹرز نے بلومبرگ کی کانفرنس میں بتایا کہ یہ قدم تفریح کی دنیا میں ایک نئی شروعات ہے۔ کمپنی چاہتی ہے کہ دوست اور خاندان والے مل کر اس پلیٹ فارم پر گیمز کھیل کر لطف اندوز ہوں۔
ابتدائی طور پر نیٹ فلکس نے چند مقبول گیمز جیسے بوگل پارٹی، ٹیٹرس ٹائم واؤرپ، پکشنری گیم نائٹ اور لیگو پارٹی متعارف کرائے ہیں۔ صارفین اب اسمارٹ ٹی وی یا روکو جیسے ڈیوائسز پر یہ گیمز کھیل سکیں گے، اور موبائل کو کنٹرولر کے طور پر استعمال کرنے کے لیے صرف کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔
نیٹ فلکس کے گیمنگ ڈویژن کے سربراہ ایلین ٹاسکن کے مطابق، کمپنی گیمنگ سیکٹر میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے کلاؤڈ بیسڈ سسٹمز پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس کو صرف فلم اور ڈرامے دیکھنے والی جگہ تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے ایک مکمل تفریحی مرکز بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔