لاہور کی فضا خطرے کی زد میں، سموگ نے شہریوں کو گھروں تک محدود کر دیا

01:03 PM, 10 Oct, 2025

لاہور : لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 183 تک پہنچ چکا ہے، جو صحت کے لیے خطرناک حد ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی سموگ سے سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور کھانسی نزلہ زکام جیسے مسائل عام ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور بچوں و بزرگوں کو خاص احتیاط میں رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا کی رفتار صرف 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 77 فیصد ہے، جس سے موسم میں ہلکی سی مرطوب کیفیت برقرار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فضائی آلودگی پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں سموگ کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، جس سے شہریوں کو شدید صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں