وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی بچوں کی تعلیم و فلاح کے لیے بڑے اقدامات کا فیصلہ

11:39 AM, 10 Oct, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی بچوں کی تعلیم اور فلاح کے لیے کئی اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ ان فیصلوں میں 48 نئی بسوں کی فراہمی، خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنا اور دنیا بھر سے ماہر آٹزم ماہرین کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی بار اتنے کم عرصے میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر سراہا اور اعلان کیا کہ غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مفت تھراپی اور تعلیم فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی بچوں کے لیے ہمت کارڈ پروگرام میں شمولیت یقینی بنائی جائے گی جبکہ سپیشل ایجوکیشن مراکز کے لیے مزید 48 نئی بسیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آٹزم سکول کے بچوں اور عملے کے لیے یونیفارم اور ڈیزائن بھی منظور کیے گئے ہیں۔

مریم نواز آٹزم سکول میں نصاب کو جدید بین الاقوامی تحقیق کی بنیاد پر خصوصی طور پر ڈیزائن کیا جا رہا ہے جس میں بچوں کی زبان، زندگی کی مہارتوں، اخلاقیات، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجی تعلیم کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن اور ساؤنڈ تھراپی سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں 3 سے 16 سال کے بچے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

آٹزم سکول میں بچوں کی حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اور چلڈرن ویلفیئر آفیسرز نگرانی کریں گے۔ سکول میں ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن بھی قائم کیا جائے گا جہاں اساتذہ کو جدید تربیت دی جائے گی اور ایک سالہ ڈپلومہ و سرٹیفکیٹ کورسز شروع کیے جائیں گے۔

یہ تمام اقدامات خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے معیار کو بلند کرنے اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں