غزہ میں امن کا نیا باب کھلنے جا رہا ہے ، حماس نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا

09:58 AM, 10 Oct, 2025

غزہ : حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا چکا ہے اور آج سے دونوں طرف سے جنگ بندی نافذ العمل ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ثالث فریقوں اور امریکی انتظامیہ سے جنگ بندی کی ضمانت ملی ہے، اور اسرائیل جلد تمام فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔

معاہدے میں رفاح کراسنگ کھولنے کی بھی بات شامل ہے تاکہ دونوں طرف سے نقل و حمل کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکے۔ خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی مستقبل میں پائیدار امن کی بنیاد رکھے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اس معاہدے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اسرائیل اور حماس نے امن کے پہلے مرحلے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیں متفقہ لائن پر پیچھے ہٹیں گی اور یہ ایک مضبوط اور دیرپا امن کی طرف پہلا قدم ہے۔ ٹرمپ نے قطر، مصر اور ترکی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تاریخی معاہدے میں کردار ادا کیا۔

اسرائیلی حکومت نے بھی یقین دلایا ہے کہ یرغمالیوں کو جلد رہا کیا جائے گا جبکہ حماس نے بین الاقوامی برادری اور ثالثوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی مکمل پاسداری کے پابند بنائیں تاکہ کسی بھی تاخیر یا وعدہ خلافی سے بچا جا سکے۔ یہ معاہدہ ایک نیا موقع ہے کہ غزہ میں جاری کشیدگی ختم ہو اور علاقے میں امن قائم ہو۔

مزیدخبریں