بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود اسلام آباد پہنچ گئے

12:25 PM, 10 Nov, 2025

اسلام آباد: بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب، آذربائیجان، ازبکستان، کینیا، فلسطین، مراکش، روانڈا، مالدیپ، ملائیشیا اور فلپائن سمیت مختلف ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ یہ کانفرنس 11 سے 12 نومبر 2025ء تک منعقد ہوگی، جس کی قیادت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کریں گے۔

کانفرنس عالمی امن، ترقی اور پارلیمانی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، اور یہ بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کا ایک تاریخی موقع ہوگا۔

غیر ملکی وفود کا اسلام آباد پہنچنے پر سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹر سرمد علی اور دیگر سینئر حکام نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ سینیٹ آف پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر جنرل طارق بن وحید نے بھی مختلف وفود کا خیرمقدم کیا۔

سعودی عرب کے وفد کی قیادت نائب چیئرمین شوریٰ کونسل عبداللہ بن عدم فلاتعہ کر رہے ہیں، جبکہ کینیا، فلسطین، آذربائیجان، ازبکستان، مراکش، روانڈا، مالدیپ، ملائیشیا اور فلپائن کے وفود بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بارباڈوس، سیربیا اور الجیریا کے وفود بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔

اس کانفرنس کے ذریعے مختلف ممالک کے پارلیمانی نمائندوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور عالمی سطح پر پارلیمانی تعاون کو فروغ ملے گا۔ یہ ایونٹ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دوراندیش قیادت اور پارلیمانی سفارتکاری کا ایک نمایاں مظہر ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں