واہگہ بارڈر پر 'پاکستان زندہ باد' کی گونج: معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں شاندار تقریب

05:55 PM, 10 May, 2026

لاہور: دفاعِ وطن کی تاریخ کے درخشاں باب 'معرکہ حق' کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر لاہور پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھا کر دفاعِ وطن کے ہیروز کو سلامی پیش کی۔

تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اس تاریخی موقع پر واہگہ بارڈر پر شہریوں کا سمندر امڈ آیا، جن کے فلک شگاف نعروں اور 'پاکستان زندہ باد' کی صداؤں نے فضا میں جوش و ولولہ بھر دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے غازیوں اور شہدا نے اپنی شجاعت سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عوام کے اٹوٹ رشتے کی علامت ہے۔ تقریب کے دوران معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں