کراچی/رسالپور/سرگودھا :پاک فضائیہ کی جانب سے "معرکہ حق" کی پہلی سالگرہ بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور، ایئرمین اکیڈمی کورنگی کراچی اور پی اے ایف بیس مصحف سرگودھا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران، غازیوں اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
تقریبات کے دوران مہمانِ خصوصی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کے اعتراف میں فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک کی خوشحالی و سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ اس پروقار موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور شہداء کو روایتی اعزاز کے ساتھ سلامی دی۔
تقریبات کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معرکہ حق دشمن کے خلاف ہماری پیشہ ورانہ برتری اور غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایک سال قبل پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جس جرات کا مظاہرہ کیا، اس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان تقریبات کا مقصد غازیوں کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور نئی نسل کو دفاعِ وطن کے جذبے سے سرشار کرنا ہے۔
مختلف بیسز پر منعقدہ ان تقریبات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے بھی زیادہ قوت اور شدت کے ساتھ دیا جائے گا اور ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فضائی سرحدوں کے محافظوں کا شہداء کو سلام؛ معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر رسالپور، کراچی اور سرگودھا میں خصوصی تقریبات
05:00 PM, 10 May, 2026