اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے علاقائی استحکام کے لیے جاری کوششوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے تمام فریقین کا تعمیری رویہ اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امن مشنز اور اقدامات کے لیے قطر کے ثابت قدم تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے جو کہ قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان امیرِ قطر کے دورہ پاکستان کا شدت سے منتظر ہے۔ وزیراعظم کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جائے گا۔