'معرکہِ حق' حق و باطل کا فیصلہ کن موڑ، دشمن بھول گیا تھا کہ اس کے خواب اوقات سے بڑے ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

09:52 AM, 10 May, 2026

راولپنڈی :پاکستان کے دفاعی وقار کے عظیم الشان سنگ میل، معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو میں فاتحانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر تھا اور رہے گا، اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ شدت اور جرات سے دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں انکشاف کیا کہ بھارت نے اپنی اندرونی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، جس کا جواب آپریشن 'بُنْیَانٌ مَّرْصُوْص' کی صورت میں دیا گیا۔ فیلڈ مارشل کے مطابق پاک فضائیہ اور فتح میزائلوں نے دشمن کے 26 سے زائد اہداف کو نشانہ بنا کر اسے عبرتناک جانی و مالی نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس جنگ کی قیمت آنے والے کئی برسوں تک چکاتا رہے گا، کیونکہ حق کی طاقت نے باطل کو ذلت آمیز شکست دی۔
خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے مستقبل کے حوالے سے اہم سنگ میل پیش کیے ۔  جدید جنگی ضروریات کے لیے 'ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز' کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو ایک عظیم سفارتی فتح قرار دیا گیا۔فیلڈ مارشل نے فخر کے ساتھ کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی قیادت کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور ہمارے دوستوں کی تعداد ماضی سے کہیں زیادہ ہے۔
فیلڈ مارشل نے جذباتی انداز میں کہا کہ معرکہِ حق کے شہداء اور ان کے ورثاء ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے اس فتح میں سیاسی جماعتوں اور قومی قیادت کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں