راولپنڈی:پاکستان کے دفاعی افق پر عظیم الشان فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر آج جی ایچ کیو (GHQ) میں 'یومِ فتح' کی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب معرکہِ حق میں حاصل ہونے والی ان تزویراتی کامیابیوں کی یاد میں منائی جا رہی ہے جس نے خطے کی تاریخ بدل کر رکھ دی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر فضا 'پاکستان زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس تاریخی موقع پر پاک سرزمین کے تینوں محافظوں کی قیادت ایک ساتھ موجود تھی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنی شرکت سے عسکری اتحاد کی مضبوط مثال قائم کی۔ ایک سال قبل شروع ہونے والے 'معرکہِ حق' نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان کو ایک نئی دفاعی پہچان دی۔ تقریب میں معرکہِ حق کے غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پریڈ اور سلامی دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "معرکہِ حق کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ حق کی طاقت ہمیشہ باطل کو مٹا دیتی ہے"۔
جی ایچ کیو میں فتح کا جشن: 'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مرکزی تقریب
09:10 AM, 10 May, 2026