پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کرنے والوں کا مقابلہ ہم آہنی دیوار کی طرح کریں گے: وزیراعظم شہباز شریف

11:28 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کرنے والوں کے لیے ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے خلاف بے مثال دلیری دکھائی اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب رقم کیا۔ بھارت نے ہمارے قومی وقار کو پامال کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری افواج نے اس کی ہر چال کو ناکام بنا دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ہم نے اس پر تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت نے اشتعال انگیزی سے گریز نہیں کیا۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ اب دشمن کو وہی زبان میں جواب دیا جائے گا جو وہ سمجھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دشمن نے حالیہ دنوں میں جارحیت کا مظاہرہ کیا، لیکن پاکستان کی جوابی کارروائی میں اس کے فوجی اڈے تباہ ہوگئے اور بھارتی طیارے اس طرح تباہ ہوئے کہ وہ تاریخ کا حصہ بن گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ اگر بات چیت کی میز پر مسئلے حل نہیں ہو سکتے تو میدان جنگ میں انہیں حل کیا جائے گا۔ پاکستانی قوم نے ثابت کر دیا کہ ہم ایک خودمختار اور طاقتور قوم ہیں۔

وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کی جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی دلیری کے سامنے دشمن کے تمام حربے بےکار ہو گئے۔ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، آرمی چیف، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے جدید رافیل طیارے بھی ہمارے جوانوں کے سامنے ناکام ہوئے اور دشمن کی اہم ایئر بیسز ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ بھارت نے جب الزامات لگائے تو ہم نے صبر کا مظاہرہ کیا، لیکن اپنی سرحدوں کا دفاع ہم نے بھرپور طریقے سے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ کشمیر اور پانی کی تقسیم کے مسائل کو درست طریقے سے حل کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

مزیدخبریں