جنگ بندی خوش آئند، خطے میں امن کے لیے امریکی کردار قابلِ ستائش:شہباز شریف

11:24 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ جنگ بندی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں خطے میں امن کے لیے ان کی کوششوں کے شکر گزار ہیں، اور ہم نے یہ پیش رفت علاقائی استحکام کی بہتری کے لیے قبول کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی نائب صدر اور وزیرِ خارجہ نے جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے جو کوششیں کیں، وہ بھی قابلِ تعریف ہیں۔ یہ پیش رفت برسوں پرانے تنازعات کے حل کے لیے ایک مثبت آغاز کا درجہ رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان تنازعات نے برسوں سے خطے کو جمود کا شکار رکھا اور ترقی، خوشحالی و امن کی راہ میں رکاوٹ بنے رہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کے بعد پاکستان نے بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں ردعمل دیا، جسے "آپریشن بُنیانِ مرصوص" (آہنی حصار) کا نام دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران پاکستان نے بھارت میں 10 سے زائد اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔

اہم اہداف میں آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی فضائی تنصیبات شامل تھیں۔ اس کے علاوہ اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ایئرفیلڈز کو بھی مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔

پاکستانی فوج نے "فتح 1" میزائل نظام کے ذریعے متعدد اہم بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ خاص طور پر آدم پور ایئربیس پر جے ایف 17 تھنڈر سے داغے گئے ہائپر سونک میزائل کے ذریعے بھارت کا جدید ترین اور اربوں روپے کا ایس 400 دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا، جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔

پاکستان کی اس دفاعی حکمتِ عملی کے بعد دونوں ممالک کے مابین جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا، جسے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں