اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق عالمی قوانین کے مطابق استعمال کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بلاول بھٹو نے سیز فائر پر قوم کو مبارکباد دی اور شہید ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ "ہماری فوجی کارروائی کے محض 24 گھنٹے بعد بھارت پاکستان کے موقف پر آمادہ ہو گیا۔ مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، لیکن پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا اور صرف اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔"
انہوں نے جنگ بندی کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے گرا کر تاریخ رقم کی۔ بلاول بھٹو نے پاک فضائیہ کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس بھرپور جوابی کارروائی کی طاقت موجود ہے۔ اس دوران پاکستان نے بھارت کے تقریباً 100 ڈرونز کو بھی گرا دیا۔ بھارت نے رات کے وقت اپنے ایئر بیسز پر حملہ کیا جس کا پاکستان نے مناسب اور مؤثر جواب دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ "پاکستان نے واضح طور پر کہا تھا کہ جب ہم کارروائی کریں گے تو اس کا اثر پوری دنیا پر پڑے گا، اور ہمارے جوابی اقدام نے ہی بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا۔ اگر بھارت اب بات چیت کے لیے تیار ہوتا ہے تو یہ پاکستان کی جیت ہے۔"
انہوں نے عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی حمایت کا خیرمقدم کیا اور سوال اٹھایا کہ "بھارت پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات سے کیوں گریز کر رہا ہے؟" بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے اور پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو اپنی سرزمین سے گرفتار کر کے دنیا کے سامنے بھارت کی حقیقت بے نقاب کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کو بھی دہرایا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق عالمی قوانین کے مطابق استعمال کیا اور ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آ چکا ہے۔