پاکستان نے ایک بار پھر وقار کے ساتھ سر اٹھایا:نواز شریف

07:21 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا۔"

نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سندھو اور پوری افواج پاکستان کو شاباش اور مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو ہمیشہ امن کو ترجیح دیتا ہے، تاہم اپنے دفاع سے غافل نہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دونوں ممالک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک نے فوری طور پر سیز فائر پر اتفاق کرلیا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ادھر بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جانب سے تمام فوجی کارروائیاں روک دی جائیں گی۔

یہ پیشرفت دونوں ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔

 
 

مزیدخبریں