وزیراعظم کی صدر مملکت سے ملاقات، بھارتی جارحیت اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

02:40 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں بھارت کی حالیہ جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی "آپریشن بنیان مرصوص" پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے صدر کو بھارت کے میزائل حملوں، لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی اور اس کے جواب میں پاکستانی مسلح افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں سے آگاہ کیا۔

صدر مملکت نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور ذمہ دارانہ حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر ہر ممکن حد تک تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے جوابی کارروائی ناگزیر تھی۔

صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر پوری قوم کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، سرحدوں اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، اور پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں