اسلام آباد:پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دشمن کی جارحیت کے خلاف تاریخی جوابی کارروائی "آپریشن بنیان مرصوص" پر قومی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کر اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے تمام اہم سیاسی قائدین بشمول بلاول بھٹو زرداری، بیرسٹر گوہر، مولانا فضل الرحمان، حافظ نعیم الرحمن، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، چوہدری سالک حسین اور ایمل ولی خان سے رابطے کر کے انہیں پاک فوج کے بہادری سے بھرپور اقدام سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے نور خان ایئربیس سمیت اہم مقامات کو نشانہ بنایا، جس میں نہتے شہری جاں بحق ہوئے، اور پاکستان نے ان حملوں کا جواب صرف طاقت سے ہی نہیں، بلکہ حکمت و حکمت عملی سے دیا۔ آپریشن میں بھارت کے وہ مقامات نشانہ بنے جہاں سے جارحیت کی گئی تھی۔
قومی قیادت نے پاک فوج کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردعمل کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے۔