ایران کا 'آپریشن میزائل': اسرائیل اور امریکی اڈوں پر 35 ویں لہر کے حملے شروع

10:46 PM, 10 Mar, 2026

تہران :ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں اسرائیل اور امریکی فوجی اثاثوں پر حملوں کی 35 ویں لہر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی ترجمان کے مطابق خلیج میں موجود امریکی اڈوں پر عماد، خیبر، القدر اور فرح میزائلوں کی بارش کی گئی ہے، جس سے خطے میں پہلے سے موجود تناؤ سنگین ترین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے اب صرف وہی جہاز گزر سکیں گے جنہیں ایران کی منظوری حاصل ہوگی۔ ترجمان نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ "جس کو شک ہے وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر کے دیکھ لے"۔ ایران نے مزید دھمکی دی کہ اگر حملے نہ رکے تو خطے سے تیل کی برآمد مکمل طور پر روک دی جائے گی، جس کا مطلب عالمی معیشت کا پہیہ جام کرنا ہے۔
ایران نے ان ممالک کے لیے آبنائے ہرمز کے راستے کھلے رکھنے کی پیشکش کی ہے جنہوں نے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر کے ان کے سفیروں کو نکال دیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاہمیں ایک غیر قانونی جارحیت کا سامنا ہے، ایران اپنے دفاع میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانا جاری رکھے گا اور اس وقت مذاکرات کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مزیدخبریں