رمضان المبارک کا آخری عشرہ: مساجد میں اعتکاف کی بہار، حرمین شریفین اور پاکستان میں لاکھوں افراد معتکف

09:07 PM, 10 Mar, 2026

اسلام آباد/ مکہ مکرمہ: ماہِ رمضان کا مقدس ترین مرحلہ یعنی "عشرہ نجات" شروع ہوتے ہی دنیا بھر کی مساجد اللہ کے گھر میں گوشہ نشین ہونے والے فرزندانِ اسلام سے آباد ہو گئی ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں نے غروبِ آفتاب سے قبل مساجد کا رخ کیا اور اعتکاف کی سعادت حاصل کی۔
سعودی عرب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) اور مسجد نبوی ﷺ (مدینہ منورہ) میں اعتکاف کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔    اس سال مجموعی طور پر 15 ہزار خوش نصیب حرمین شریفین میں اعتکاف بیٹھے ہیں۔    معتکفین کے لیے ڈیجیٹل کارڈز اور خصوصی مقامات مختص کیے گئے ہیں تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات سرانجام دے سکیں۔
پاکستان بھر کی چھوٹی بڑی مساجد میں لاکھوں افراد سنتِ نبوی ﷺ پر عمل کرتے ہوئے اعتکاف بیٹھے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور مسجد کمیٹیوں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ معتکفین کے لیے سحر و افطار کے خصوصی دسترخوان سجائے گئے ہیں۔ اعتکاف کے دوران معتکفین طاق راتوں (لیلۃ القدر) کی تلاش اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔
لاہور کی بادشاہی مسجد، اسلام آباد کی فیصل مسجد اور کراچی کی جامع مسجد میمن سمیت تمام بڑے شہروں کی مساجد میں غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے۔ آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی تراویح اور قیام اللیل میں نمازیوں کی تعداد میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں