اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک اہم جائزہ اجلاس میں موجودہ علاقائی اور معاشی حالات کے پیشِ نظر توانائی کی بچت اور حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے بڑے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔اجلاس میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری دفاتر میں بجلی اور ایندھن کے استعمال کو کم سے کم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ اقدامات کے اثرات کا درست اندازہ لگانے کے لیے ان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔غیر ضروری استعمال روکنے کے لیے بند کی گئی سرکاری گاڑیوں کا تصویری ریکارڈ کابینہ ڈویژن کو بھیجنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے 'ورک فرام ہوم' (گھر سے کام) کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا ہے۔ تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے وزیراعظم آفس کو ارسال کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاعالمی حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام وزارتیں سادگی اور کفایت شعاری کو اپنا شعار بنائیں، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ملک گیر کفایت شعاری مہم کا آغاز: وزیراعظم کا جمعہ کی ہفتہ وار اضافی چھٹی کا فیصلہ، کڑی نگرانی کے لیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم
07:11 PM, 10 Mar, 2026