بھارت افغانستان کے ذریعے دہشت گردی کر رہا ہے، عاصم افتخار

11:35 AM, 10 Mar, 2026

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ میں کہا ہے کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے اور خطے میں ہمیشہ تخریب کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بھارت کی افغان پالیسی کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے اور اس کے دہشت گردوں کے روابط کے مکمل ثبوت عالمی برادری کے ساتھ شیئر کر دیے گئے ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان افغان سرزمین کو دہشت گردوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے اور طالبان حکومت نے دہشت گردوں کو پناہ دی ہوئی ہے۔ افغان دہشت گردوں نے پاکستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر تنظیمیں افغانستان سے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 26 فروری کو طالبان رجیم نے پاکستان پر بلاوجہ حملہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں اور دشمن فورس کو نشانہ بنایا اور انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران غیر ملکی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ افغانستان دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے، مگر پاکستان ایک محفوظ اور پرامن افغانستان چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان حکومت دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور امن قائم رکھنے کے لیے اس معاہدے پر عمل درآمد ضروری ہے۔

مزیدخبریں