پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، کم از کم اجرت اور لیبر کالونیوں کے قیام کی منظوری

09:09 PM, 10 Mar, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں کم از کم اجرت کے نفاذ اور لیبر کالونیوں کے قیام کی منظوری شامل ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مریم نواز نے واضح طور پر ہدایت دی کہ پنجاب کے تمام مزدوروں کو کم از کم 37 ہزار روپے ماہانہ اجرت دی جائے، تاکہ ان کی معاشی حالت میں بہتری آئے۔

مزید برآں، انہوں نے صوبے میں لیبر کالونیوں کے قیام کے لیے ایک منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی، جس سے مزدوروں کے رہائشی مسائل حل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی، اور لاہور، راولپنڈی، اور اسلام آباد میں پری اسکریننگ ویلنیس سینٹرز قائم کرنے کا حکم دیا۔

اس اجلاس میں لاہور ڈیفنس روڈ پر 200 بستروں پر مشتمل رحمت اللعالمینؐ کارڈیالوجی سینٹر اور رحیم یار خان میں 50 بستروں پر مشتمل سوشل سیکیورٹی اسپتال بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔

مریم نواز نے مزدوروں کی فلاح کے لیے لیبر قوانین میں ترامیم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ "مزدور اللہ کے دوست ہیں، اور ہم اپنے دوستوں کو ناراض نہیں کر سکتے۔ پنجاب کو مزدوروں کے لیے مثالی صوبہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔"

مزیدخبریں