اوٹاوا: کینیڈا کی حکمران جماعت لبرل پارٹی نے مارک کارنے کو اپنے نئے رہنما کے طور پر منتخب کر لیا ہے، اور وہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ لیں گے۔ مارک کارنے نے پارٹی کے اندرونی انتخابات میں 85.9 فیصد ووٹ حاصل کر کے یہ اہم عہدہ اپنے نام کیا۔
اپنے انتخاب کے بعد خطاب کرتے ہوئے مارک کارنے نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا کینیڈا کی خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے کی کوششیں کر رہا ہے، اور وہ ہماری زمین، پانی اور قدرتی وسائل کو اپنے کنٹرول میں لانے کے خواہشمند ہیں۔ کارنے نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ کینیڈا اس صورتحال میں امریکہ کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گا اور اپنے قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جنوری 2025 میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، اور اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ نئی قیادت کے منتخب ہونے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ ٹروڈو نے 2015 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا اور اس کے بعد دو بار کامیاب انتخابات کے ذریعے اپنے عہدے پر برقرار رہے۔