اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کالعدم دہشت گرد گروہ کے دو اہم کمانڈر، علیم خان خوشحالی اور اختر محمد بھی مارے گئے، جو مختلف دہشت گرد سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں ملوث تھے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے چار اہم مراکز کو بھی نشانہ بنایا، جن میں تربیتی کیمپ، پناہ گاہیں اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر شامل تھے۔ کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے رہیں گے۔