وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج، بجٹ اور تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی جائے گی

10:33 AM, 10 Jun, 2025

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجٹ کی تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور وفاقی کابینہ فنانس بل کی منظوری دے گی، جس کے بعد یہ بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

اس اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری کا امکان ہے، کیونکہ ان کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے، جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 سے ساڑھے 7 فیصد تک اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے دفاعی بجٹ میں بھی 18 فیصد اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کی حتمی منظوری بھی آج کے اجلاس میں متوقع ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد شام 5 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جہاں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کریں گے۔

مزیدخبریں