قطری کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

02:23 PM, 10 Jul, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے حال ہی میں نانگا پربت سر کرنے والی قطر کی پہلی خاتون کوہ پیما، شیخہ اسماء الثانی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔

شیخہ اسماء نے حال ہی میں نانگا پربت کو کامیابی سے سر کر کے نہ صرف قطر بلکہ خلیجی ممالک کی پہلی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شیخہ اسماء کی کامیابی دنیا بھر کی خواتین خصوصاً نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مثال ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر انہیں پاکستان کی "ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم" کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا، تاکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کے خوبصورت پہاڑی علاقوں اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کر سکیں۔

شیخہ اسماء نے پاکستان کے قدرتی حسن اور عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

مزیدخبریں