بحیرۂ عرب میں پاکستان نیوی کی بڑی بحری مشقیں، جدید میزائل نظام کی کامیاب لائیو فائرنگ

02:40 PM, 10 Jan, 2026

کراچی :پاکستان نیوی نے بحیرۂ عرب میں منعقد کی گئی وسیع پیمانے کی بحری مشقوں کے ذریعے اپنی جنگی تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ ان مشقوں کا مقصد بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں آپریشنل تیاری اور ردِعمل کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا تھا۔

مشقوں کے دوران روایتی جنگی پلیٹ فارمز کے ساتھ ساتھ بغیر پائلٹ نظاموں کی شمولیت نے جدید بحری جنگی حکمتِ عملی کی عکاسی کی۔ اس موقع پر ورٹیکل لانچنگ سسٹم ایل وائی–80 این (LY-80N) کے ذریعے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ بھی کی گئی۔

فائرنگ کے دوران ایل وائی–80 این میزائل نے مقررہ فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا، جس سے پاکستان نیوی کے جدید اور طویل فاصلے تک مؤثر فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں کی توثیق ہوئی۔

ان مشقوں نے نہ صرف پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کیا بلکہ ملکی سمندری حدود کے تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کا بھی اظہار کیا۔

مزیدخبریں