شدید دھند کے باعث پنجاب میں موٹرویز بند، سردی کی شدت میں اضافہ

09:10 AM, 10 Jan, 2026

لاہور:پنجاب کے مختلف شہروں اور شاہراہوں پر شدید دھند چھا جانے سے حدِ نگاہ متاثر ہو گئی ہے جس کے باعث متعدد موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم-3 جڑانوالہ سے درخانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم جبکہ ایم-5 ملتان سے ظاہر پیر اور ملتان سے سکھر تک ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ ترجمان کے مطابق دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفری حالات نسبتاً بہتر رہتے ہیں۔ ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے استعمال اور محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب شدید سردی کی لہر کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو سردی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں