فراری 'لوس': ایپل کے ڈیزائنرز اور اطالوی انجینئرنگ کا شاہکار، پہلی الیکٹرک سپر کار کی تفصیلات سامنے آ گئیں

03:58 PM, 10 Feb, 2026

اٹلی: دنیا کی مشہور ترین سپورٹس کار ساز کمپنی فراری نے برقی گاڑیوں کی مارکیٹ میں دھماکے دار انٹری کے لیے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک کار 'لوس' (Luce) کی اندرونی جھلکیاں اور تکنیکی خصوصیات جاری کر دی ہیں۔اس گاڑی کی سب سے خاص بات اس کا ڈیزائن ہے، جسے ایپل کے سابق چیف ڈیزائنر جونی آئیو کی کمپنی 'لوفرام' نے فراری کے ساتھ مل کر 5 سال کی طویل محنت سے تیار کیا ہے۔گاڑی کے اندرونی حصے میں جدید ٹچ سکرینز کے بجائے کلاسک فزیکل بٹنز اور ایلومینیم سوئچز کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ڈرائیور کو گاڑی پر مکمل کنٹرول محسوس ہو۔ شیشے کا بنا ہوا گیئر شفٹر، چمڑے کی بکٹ سیٹس اور رنگ بدلنے والی سمارٹ چابی اس گاڑی کو دیگر الیکٹرک کاروں سے ممتاز بناتی ہے۔
'لوس' کی کارکردگی روایتی پیٹرول انجن والی فراری سے بھی زیادہ طاقتور بتائی جا رہی ہے۔  ہر پہیے پر ایک الگ الیکٹرک موٹر نصب ہے، جو مجموعی طور پر 1,000 سے زائد ہارس پاور پیدا کرتی ہے۔ یہ گاڑی محض 2.5 سیکنڈ میں صفر سے 60 میل (100 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فراری نے ایک ایسا آڈیو سسٹم تیار کیا ہے جو الیکٹرک موٹر کی اپنی آواز اور تھرتھراہٹ  کو ایک پرجوش ساؤنڈ میں بدل دیتا ہے، جس سے ڈرائیور کو انجن کی کمی محسوس نہیں ہوتی۔
فراری کے مطابق اس شاہکار کا بیرونی ڈیزائن (Exterior) مئی میں منظرِ عام پر لایا جائے گا۔ ماہرین اسے "الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا کا نیا معیار" قرار دے رہے ہیں جو رفتار اور عیش و آرام کا انوکھا امتزاج ہے۔

مزیدخبریں