دبئی : آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے انعقاد کے فیصلے سے 174 ملین امریکی ڈالرز کا ممکنہ نقصان بچا لیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ تخمینہ براڈکاسٹرز، گیٹ منی، اور دیگر سپانسرشپ کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کی بنیاد پر لگایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، پاک بھارت میچ کے بحالی کے فیصلے کے بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ابتدائی طور پر، ممبئی اور کولمبو کے ٹکٹوں کی قیمت میں 10,000 سے 60,000 روپے تک کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کیا، جس سے ان کے کاروبار میں اضافے کی توقع ہے۔
دوسری جانب، کچھ کرکٹ شائقین نے پاکستان کے میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا اور ہوٹل کی بکنگ کو منسوخ کرنے کے لیے رابطہ کیا۔ اس کے علاوہ، کئی شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ریفنڈ پالیسی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ قومی ٹیم کا میچ 15 فروری کو شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا، جس کا کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔