جیفری ایپسٹین ,سرمایہ دارانہ نظام اور ایلیٹ کلب

09:08 AM, 10 Feb, 2026

امریکہ کا راس پوٹین کہلانے والا جیفری ایپسٹین محض ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک ایسے عالمی اشرافیائی نظام کی علامت بن چکا ہے جس میں قانون کی عملداری کا دعویٰ تو کیا جاتا ہے مگر اس کا اطلاق طاقت اور دولت کے مطابق ہوتا ہے۔ ایپسٹین کے جرائم کوئی خفیہ راز نہیں تھے۔ متاثرہ لڑکیوں نے برسوں پہلے شکایات درج کرائیں۔ ان واقعات کی پولیس رپورٹس موجود تھیں، صحافتی تحقیقات سامنے آتی رہیں اور عدالتوں کے پاس کارروائی کے مکمل اختیارات بھی تھے اس کے باوجود وہ طویل عرصے تک قانونی گرفت سے بچا رہا۔ 2008 میں اس کے خلاف ایک متنازع پلی بارگین ڈیل ہوئی جس کے تحت اسے نہایت معمولی سزا ملی حالانکہ الزامات انتہائی سنگین نوعیت کے تھے۔
یہ وہ لمحہ تھا جب دنیا نے پہلی بار کھل کر سوال اٹھایا کہ کیا قانون واقعی سب کے لیے برابر ہے؟ امریکہ خود کو روول آف لا کا علمبردار کہتا ہے۔ دنیا کو جمہوریت، شفافیت اور فوری انصاف کے لیکچر دیئے جاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ مجرم کی فوری گرفتاری ہونی چاہیے، اس کا نام اور تصویر شائع ہونی چاہیے اور یہ کہ قانون کی گرفت سے کوئی بالا نہیں۔ مگر ایپسٹین کیس نے یہ بیانیہ غلط ثابت کر دیا۔ اس کا تعلق بااثر سیاستدانوں، کاروباری شخصیات، ماہرین تعلیم اور مالیاتی اداروں سے تھا۔ اس کے نجی طیارے اور جزیرے پر ہونے والی سرگرمیوں کی خبریں برسوں سے گردش کر رہی تھیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر یہ سب معلومات عام ہو سکتی تھیں تو ریاستی ادارے کیوں بے خبر رہے؟۔
ایسا مسئلہ کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہتا۔ اشرافیہ کا ایک عالمی نیٹ ورک موجود ہے جو مالیاتی مفادات، سیاسی اثرورسوخ اور باہمی تعلقات کے ذریعے جڑا ہوا ہے۔ بڑے سرمایہ دار، بین الاقوامی کارپوریشنز اور مالیاتی ادارے عالمی پالیسی سازی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وہ طبقہ ہے جو امریکہ جیسے ملکوں میں بظاہر منتخب حکومتوں کے پیچھے اصل قوت کے طور پر کھڑا ہوتا ہے۔ انتخابات ضرور ہوتے ہیں مگر سرمایہ اور 
میڈیا پر کنٹرول رکھنے والے حلقے بیانیہ طے کرتے ہیں۔ اس پس منظر میں ایپسٹین جیسے افراد کا ابھرنا محض اتفاق نہیں بلکہ اسی ڈھانچے کا منطقی نتیجہ ہے۔
کتابوں میں قانون کی بالادستی کا درس دیا جاتا ہے مگر عملی زندگی میں تعلقات اور دولت فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔ عام آدمی کیلیے قانون سخت ہے جبکہ با اثر افراد کے لیے نرم گوشہ رکھا جاتا ہے۔ یہی تضاد عوامی اعتماد کو مجروح کرتا ہے۔ جب عدالتیں یا تحقیقاتی ادارے خاموش دکھائی دیں تو شکوک و شبہات بڑھتے ہیں۔ ایپسٹین کی موت نے بھی مزید سوالات کو جنم دیا۔ سرکاری طور پر اسے خودکشی قرار دیا گیا مگر نگرانی میں موجود ایک قیدی کی ایسی موت نے سازشی نظریات کو تقویت دی اور شفاف تحقیقات کے مطالبات زور پکڑ گئے۔
ایپسٹین فائلز اور بعد ازاں سامنے آنے والی دستاویزات نے اس کے سماجی دائرے کی وسعت کو نمایاں کیا۔ اس کے روابط میں سیاستدان، کاروباری شخصیات اور تعلیمی اداروں کے نام شامل رہے۔ اگرچہ ہر نامزد فرد پر جرم ثابت نہیں ہوا، مگر اتنا ضرور واضح ہوا کہ طاقتور حلقوں کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والا یہ شخص برسوں تک احتساب سے بچا رہا۔ یہی وہ پہلو ہے جو نظام کے ڈھانچے پر سوال اٹھاتا ہے۔ کیا یہ محض چند افراد کی کوتاہی تھی یا پورے نظام میں موجود خاموش مفادات کا جال؟۔
سرمایہ دارانہ نظام میں دولت کا ارتکاز ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔ دنیا کی بڑی دولت چند فیصد افراد کے پاس مرتکز ہے۔ جب معاشی طاقت محدود ہاتھوں میں جمع ہو جائے تو سیاسی اثرورسوخ بھی انہی کے گرد گھومتا ہے۔ اسے پلوٹوکریسی یا اولیگارکی کی شکل کہا جاتا ہے، جہاں دولت ہی اصل اقتدار بن جاتی ہے۔ ایسے ماحول میں ایلیٹ کلب کے فیصلے جمہوری عمل پر حاوی ہو جاتے ہیں۔ عوامی بیانیہ کچھ اور ہوتا ہے اور عملی پالیسی سازی کچھ اور۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر سرمایہ دارانہ معاشرہ لازماً اسی انتہا تک نہیں پہنچتا۔ بعض ممالک میں مضبوط ادارے، آزاد میڈیا اور فعال سول سوسائٹی احتساب کے عمل کو متحرک رکھتے ہیں مگر جب ادارے کمزور ہوں یا مفادات کا جال بہت گہرا ہو جائے تو انصاف کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔ ایپسٹین کیس نے اسی کمزوری کو بے نقاب کیا۔ اس نے یہ تاثر مضبوط کیا کہ اشرافیہ کے لیے الگ معیار موجود ہے اور یہ معیار صرف امریکہ تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے کئی حصوں میں کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے۔
اس صورتحال میں عوامی ردعمل بھی اہم ہے۔ جب شہری سوال اٹھاتے ہیں ، آزاد صحافت تحقیق کرتی ہے اور عدالتیں خودمختاری کا مظاہرہ کرتی ہیں تو نظام میں اصلاح کی گنجائش پیدا ہوتی ہے۔ مگر اگر خاموشی چھا جائے تو بداعتمادی بڑھتی ہے۔ خاموشی دراصل مافیاز کے لیے ڈھال بن جاتی ہے۔ اسی لیے جمہوری معاشروں میں شفافیت، معلومات تک رسائی اور احتسابی عمل بنیادی ستون سمجھے جاتے ہیں۔
ایپسٹین کا معاملہ ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ کیا موجودہ عالمی معاشی و سیاسی ڈھانچہ خود ایسے تضادات کو جنم دیتا ہے؟ اگر دولت اور اثرورسوخ چند ہاتھوں میں مرتکز رہیں گے تو کیا انصاف کا تصور مکمل ہو سکتا ہے؟ اس سوال کا جواب سادہ نہیں مگر اتنا واضح ہے کہ کسی بھی معاشرے میں قانون کی حقیقی بالادستی کیلیے اداروں کی خودمختاری ، شفاف عدالتی نظام اور میڈیا کی آزادی ناگزیر ہیں۔ ورنہ قانون محض کتابوں تک محدود رہ جاتا ہے۔
 ایپسٹین کیس کو صرف ایک سکینڈل کے طور پر دیکھنا کافی نہیں۔ یہ عالمی نظامِ , طاقت اور دولت کے ارتکاز کا ایک آئینہ ہے۔ اگر اصلاح کی سنجیدہ کوشش نہ کی گئی تو ہر ملک اور معاشرے کی عوام اور اشرافیہ کے درمیان خلیج مزید وسیع ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں سماجی بے چینی ، سیاسی عدم استحکام اور جمہوری اداروں پر اعتماد میں کمی واقع ہوگی۔ دنیا کو ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں احتساب محض کمزوروں تک محدود نہ ہو بلکہ طاقتور بھی اسی معیار پر پرکھے جائیں۔ بصورت دیگر ، ’’رول آف لا‘‘ ایک خوبصورت اور دل خوش کن نعرہ تو رہے گا مگر عملی حقیقت کبھی نہیں بن سکے گا۔

مزیدخبریں