لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور ان کا فروغ مسلم لیگ (ن) کا وژن اور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انسانی حقوق کا پہلا جامع چارٹر حضرت محمدؐ کے خطبہ حجتہ الوداع میں موجود ہے، اور دین اسلام ہی انسانوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ حضرت محمدؐ نے انسانیت کے لیے ایک ایسا حقوق کا چارٹر دیا جس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے اس پیغام کو ابدی اور لافانی قرار دیا جو پوری دنیا کے لیے تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ 10 دسمبر انسانی حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کا دن ہے، اور ہر انسان کو رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر ہو کر حقوق حاصل ہیں۔ ان کے مطابق، انسانی حقوق کا احترام معاشرتی ترقی اور خوشحالی کا سنگِ بنیاد ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور ان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کے بنیادی اہداف میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب تعلیم، صحت، مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور لوگوں کی بنیادی ضروریات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتی ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت ملے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ معاشرے میں محبت، احترام اور رواداری کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ انسانی حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ ان کے مطابق، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت نے جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے ہیں، اور یہ عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔