صدر آصف علی زرداری کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام

10:52 AM, 10 Dec, 2025

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام انسانوں کے احترام، وقار اور مساوات کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اور پاکستان کا آئین ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے۔

آصف علی زرداری نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسی ریاست کے طور پر قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد ہم آہنگی، رواداری اور وقار تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدرِ مملکت نے خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کو ریاست کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان طبقات کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے معاشرے میں احترام، برداشت اور باہمی وقار کے فروغ کو ایک سنگین ضرورت قرار دیا اور کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ میں سول سوسائٹی، ریاستی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کا کردار اہم ہے۔

آخر میں، آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کا دن منانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انسانی وقار، مساوات اور انصاف کی جیت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں