جیجی حدید پیرس میں بریڈلی کوپر کی والدہ اور بیٹی کے ہمراہ، نئی تصاویر وائرل

03:39 PM, 10 Aug, 2026

پیرس: امریکی ماڈل جیجی حدید ایک بار پھر بریڈلی کوپر کے خاندان کے ساتھ نظر آنے کے بعد خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ پیرس میں بریڈلی کی والدہ گلوریا اور بیٹی لیا کے ساتھ ان کی تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی توجہ ایک مرتبہ پھر دونوں کی ذاتی زندگی کی جانب مرکوز ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیجی حدید کو اتوار کے روز پیرس کی ایک سڑک پر گلوریا اور لیا کے ہمراہ دیکھا گیا۔ تینوں نے ایک ساتھ وقت گزارا اور اس دوران جیجی کافی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیں۔ ان کی بریڈلی کوپر کی فیملی کے ساتھ یہ ملاقات ان کے قریبی تعلقات کی جانب اشارہ قرار دی جا رہی ہے۔

جیجی اس موقع پر سفید رنگ کی بغیر آستین شرٹ اور پیلے رنگ کی ڈھیلی پتلون میں نظر آئیں۔ انہوں نے چوٹی بنائی ہوئی تھی، جبکہ بڑے فریم کے چشمے اور سنہری بالیاں ان کے انداز کا حصہ تھیں۔

کیا جیجی اور بریڈلی نے شادی کرلی؟
جیجی حدید اور بریڈلی کوپر کی ممکنہ شادی سے متعلق قیاس آرائیاں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب دونوں کو حال ہی میں انگلیوں میں سنہری انگوٹھیاں پہنے دیکھا گیا۔

اس کے بعد ایک مبینہ قریبی ذریعے نے دعویٰ کیا کہ دونوں نے نیویارک میں نجی تقریب کے دوران شادی کرلی ہے۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی جیجی یا بریڈلی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے آیا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں بعد ازاں فرانس منتقل ہوگئے، جہاں بریڈلی کوپر اپنی آنے والی فلم ’اوشنز الیون‘ کے پری کوئل کی عکس بندی میں مصروف ہیں۔

جیجی کا بریڈلی کی والدہ اور بیٹی کے ساتھ وقت گزارنا ان کے مداحوں کے لیے خاصا دلچسپ ثابت ہوا ہے، جبکہ سنہری انگوٹھیوں کے بعد شادی کی قیاس آرائیوں نے اس ملاقات کو مزید خبروں میں نمایاں کردیا ہے۔

مزیدخبریں