ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ: پاکستان نے ساتویں بار عالمی ٹیم ٹائٹل جیت لیا

03:24 PM, 10 Aug, 2026

لاہور: پاکستانی سکریبل کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ایک بار پھر اپنی دھاک بٹھاتے ہوئے 21ویں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ میں ٹیم ٹائٹل حاصل کر لیا۔ پاکستان نے یہ اعزاز ساتویں مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔

چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی نمایاں رہی اور انہوں نے دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹرافیاں حاصل کیں۔

ٹیم مقابلوں میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، تاہم انفرادی مقابلوں میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو نے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے تین کھلاڑی ٹاپ 10 میں شامل رہے۔ احمد سلمان نے انڈر 16 کیٹیگری میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی ٹائٹل جیتا، جبکہ احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

انڈر 12 کیٹیگری میں بھی پاکستان نے نمایاں کامیابی حاصل کی، جہاں مصطفیٰ فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کے سب سے کم عمر کھلاڑی تیمور وسیم نے انڈر 10 کیٹیگری میں عالمی اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے مسلسل دوسرے سال ورلڈ ٹائٹل جیت کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ گزشتہ سال تیمور وسیم نے انڈر 8 کیٹیگری میں عالمی چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی۔

اس عالمی مقابلے میں 11 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 183 نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی، جس میں پاکستانی دستے نے شاندار نتائج کے ذریعے اپنی برتری برقرار رکھی۔

مزیدخبریں