ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے ’’کون بنے گا کروڑپتی‘‘ کے دوران پریٹی زنٹا سے دوستانہ انداز میں گلہ کیا کہ وہ ان کے پیغامات کا بروقت جواب نہیں دیتیں۔
شو کے نئے پرومو میں امیتابھ بچن نے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ ہر سال 31 جنوری کو پریٹی زنٹا کو سالگرہ کی مبارکباد ضرور دیتے ہیں، تاہم اداکارہ کی جانب سے انہیں جواب موصول نہیں ہوتا۔
اس پر پریٹی زنٹا نے ہنستے ہوئے وضاحت کی کہ وہ امیتابھ بچن کے پیغامات کا جواب دیتی ہیں، لیکن بعض اوقات جواب دینے میں تقریباً ایک ہفتہ لگ جاتا ہے۔ اداکارہ کی اس بات پر شو کا ماحول بھی خوشگوار ہوگیا اور حاضرین نے خوب قہقہے لگائے۔
امیتابھ بچن نے اس موقع پر اپنی ماضی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ بھی یاد کی، جس میں انہوں نے پریٹی زنٹا کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی جانب سے پیغامات کا دیر سے جواب ملنے پر ہلکے پھلکے انداز میں شکایت کی تھی۔
دونوں اداکاروں کی ایک دوسرے کے ساتھ طویل عرصے سے واقفیت ہے اور وہ ’’محبتیں‘‘، ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘ اور ’’دی لاسٹ لیئر‘‘ سمیت مختلف فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
شو میں پریٹی زنٹا اور سنی دیول اپنی نئی فلم ’’بٹوارہ 1947‘‘ کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے تھے، جہاں امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی دلچسپ گفتگو نے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔