رونالڈو کی شادی کی افواہ پر مداحوں کا ہجوم، چرچ سے دوسرا جوڑا باہر آگیا

10:51 AM, 10 Aug, 2026

لزبن: پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہ نے میڈیرا میں دلچسپ صورتحال پیدا کردی، جہاں ہزاروں مداح ان کی شادی کی تقریب دیکھنے کی امید میں فنچل کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے۔

رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے درمیان شادی کی قیاس آرائیاں گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں، تاہم جوڑے نے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

شادی سے متعلق افواہ اس وقت مزید پھیل گئی جب یہ دعویٰ سامنے آیا کہ رونالڈو ہفتے کے روز میڈیرا میں شادی کرنے والے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد فٹبالر کے مداح بڑی تعداد میں فنچل کیتھیڈرل پہنچے اور کئی گھنٹوں تک چرچ کے باہر انتظار کرتے رہے۔

بالآخر جب ایک دلہا اور دلہن تقریب کے بعد چرچ سے باہر آئے تو مداحوں کو معلوم ہوا کہ وہ رونالڈو اور جارجینا نہیں ہیں۔ دراصل یہ پرتگالی جوڑا فابیو راموس اور فاطمہ نکول کونہا ٹیکسیرا تھا، جو فرانس میں رہائش پذیر ہیں اور اپنی شادی کے لیے میڈیرا آئے تھے۔

چرچ کے باہر موجود غیر معمولی ہجوم نے نوبیاہتا جوڑے اور ان کے مہمانوں کو بھی حیران کردیا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی شادی کے موقع پر اتنی بڑی تعداد میں لوگ چرچ کے باہر موجود ہوں گے۔

رونالڈو کی بہن ایلما ایویرو نے بھی مداحوں کے ہجوم کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ خاندان کی طرف سے کسی قسم کی تصدیق کے بغیر لوگوں نے شادی کی افواہ پر یقین کیسے کرلیا۔

دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو نے بھی وائرل ویڈیو پر ہنسی کے ایموجیز کے ذریعے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔

اگرچہ رونالڈو اور جارجینا نے اپنی شادی کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہا، تاہم پرتگالی اور برطانوی میڈیا میں ان کی ممکنہ شادی اور فنچل کیتھیڈرل کو تقریب کے ممکنہ مقام کے طور پر زیرِ بحث لایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں