”مکہ معاہدہ“ پاکستان کیلئے معاشی اور سٹریٹیجک لائف لائن۔۔۔۔

09:10 AM, 10 Aug, 2026

ایک طرف دشمن کی سازشیں، سیاسی و معاشی استحکام پر سوالیہ نشان، اقتدار کے ایوانوں میں کھینچا تانی، محلاتی سازشوں کی بازگشت اور دوسری طرف عالمی منظرنامے پر ایک الگ پہچان کے ساتھ ابھرتا ہوا پاکستان، یہ وہ حقیقت ہے جس نے ہر پاکستانی سمیت دنیا بھر کو حیران و پریشان کر دیا ہے۔ اسلام آباد ڈیکلریشن سے سفارتی کامیابیوں کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ آج سہ فریقی دفاعی معاہدے کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ ایران امریکہ جنگ میں پاکستان کے ناقابلِ فراموش کردار کی دنیا معترف ہے۔ نتیجہ کچھ بھی ہو پاکستان نے کامیاب سفارتی تعلقات اور خطے کی سلامتی کیلئے ایسی کاوش کی ہے کہ رہتی دنیا تک پاکستان امن کے سفیر کی حیثیت سے ایک منفرد مقام پر فائز ہوگیا ہے۔ دنیا میں طاقت کے توازن بدل رہے ہیں ہر ملک اپنی دفاعی و معاشی سکیورٹی کو لیکر فکر مند اور حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے۔ بالخصوص حالیہ ایران امریکہ جنگ، مشرق وسطیٰ کے حالات نے ساری دنیا کو سوچ میں مبتلا کر دیا ہے۔ یقینا اب وقت آ گیا ہے کہ دوست دشمن کی پہچان کے ساتھ آگے بڑھ کر خود کو محفوظ بنایا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر نئی صف بندیاں سامنے آ رہی ہیں۔ پاکستان کی ذی شعور قیادت نے اندرونی و بیرونی حالات و واقعات کے تناظر میں بہت سے نظر نہ آنے والے خطرات کو بھانپتے ہوئے پاکستان کی پوزیشن کا ازسرنو جائزہ لیا ہے بالخصوص وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بالغ نظری کی داد دینا پڑے گی کہ مشکل وقت میں ایسے جاندار فیصلے کیے ہیں جن کے مثبت اثرات اور نتائج آنے والی نسلوں تک منتقل ہوں گے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا وژن محفوظ اور مضبوط پاکستان ہے اور وہ اس خواب کو تعبیر میں ڈھالنے کیلیئے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمقدم، شانہ بشانہ محنت کر رہے ہیں۔ بالخصوص سفارتی تعلقات کو بام عروج پر پہنچایا ہے اور عالمی منظرنامے پر ایسے ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں جن سے پاکستان کی سوچ اور کردار کو دنیا میں نا صرف پزیرائی ملی بلکہ پاکستان کا دنیا کی نظر میں تصور ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔ بالخصوص اگر مسلم دنیا کی بات کی جائے تو پاکستان کے حالیہ کردار، بھارت کو عبرت ناک شکست دینے اور سفارتی کامیابیوں کے اثرات مسلم دنیا پر بھی پڑے ہیں۔ دوستوں کی نظر میں پاکستان کی عزت بڑھی ہے اور دوستی بھائی چارے میں بدل گئی ہے۔ سعودی عربیہ اور پاکستان کا تعلق غیر مشروط، اور دنیا میں رائج قوائد و ضوابط سے ہٹ کر ہے۔ پراجیکٹ عمران سے اس تعلق میں کچھ دراڑ پیدا ہوئی تھی تاہم موجودہ قیادت نے اپنے کردار اور لازوال تعلق کو ازسرنو تشکیل دیا اور اب ایک غیر متزلزل سلسلہ وہیں سے شروع کیا یے جہاں سے اس میں رکاوٹ آئی تھی۔ پاکستان اور سعودی عربیہ کے مابین پہلے ہی ایک دفاعی معاہدہ موجود تھا تاہم اب نئی صف بندی کے نتیجے میں ترکیہ کی شمولیت نے خطے کو نا قابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ مسلم دنیا کی سٹریٹیجک اور دفاعی تاریخ میں 7 اگست 2026 کا دن ایک سنگِ میل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں منعقدہ ایک تاریخی سربراہی اجلاس کے دوران پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے ایک جامع اور مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس تاریخی معاہدے کو ”مکہ جوائنٹ ڈیٹرنس ایگریمنٹ“ کا نام دیا گیا ہے۔ اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کر کے اس نئے سٹریٹیجک بلاک کی بنیاد رکھ دی ہے۔ یہ معاہدہ مسلم امہ کے تین سب سے طاقتور ممالک کو ایک مشترکہ دفاعی چھتری تلے لے آیا ہے۔اس معاہدے کی سب سے اہم اور بنیادی شق یہ ہے کہ تینوں ممالک میں سے کسی بھی ایک ملک پر مسلح حملہ، تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ شق نیٹو کے آرٹیکل 5 سے مماثلت رکھتی ہے، جو اس اتحاد کو محض ایک سفارتی بیان بازی کے بجائے ایک ٹھوس اور فعال فوجی اتحاد بناتی ہے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطی اور جنوبی ایشیا میں ابھرتی ہوئی نئی جیو پولیٹیکل کشیدگیوں کے تناظر میں کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط دفاعی حصار قائم کرنا ہے۔اگر اس اتحاد کے پس منظر پر نظر ڈالی جائے تو یہ ستمبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے ”سماڈا“ کی ہی ایک کڑی اور توسیع ہے۔ اب اس میں ترکیہ کی شمولیت نے اسے ایک طاقتور سہ فریقی بلاک کی شکل دے دی ہے۔ یہ اتحاد تینوں ممالک کی منفرد اور تکمیلی صلاحیتوں کا ایک بہترین امتزاج ہے۔ پاکستان مسلم دنیا کی واحد تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے جس کے پاس جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی اور ایک بڑی تجربہ کار فوج موجود ہے۔ دوسری طرف، سعودی عرب دنیا کی مضبوط ترین معاشی طاقتوں میں شمار ہوتا ہے اور وہ اس اتحاد کو مالیاتی استحکام فراہم کرے گا۔ جبکہ ترکیہ، جو کہ نیٹو کا ایک اہم رکن ہے، اپنی جدید ترین دفاعی صنعت، خاص طور پر ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کی بدولت اس اتحاد کو تکنیکی برتری فراہم کرے گا۔اس معاہدے کے تحت تینوں ممالک دفاعی پیداوار، انٹیلیجنس شیئرنگ، مشترکہ فوجی مشقوں اور تکنیکی مہارت کی منتقلی میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے معاشی اور جیو پولیٹیکل اثرات انتہائی گہرے ہیں، جو مسلم دنیا اور عالمی طاقت کے توازن کو تبدیل کر سکتے ہیں۔یہ معاہدہ پاکستان میں معاشی استحکام کا زریعہ بنے گا۔ افرادی قوت کیلیے نئی راہیں کھلیں گی ساتھ ہی ساتھ سعودی عرب کی مالی طاقت اور ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی کے اشتراک سے پاکستان کے دفاعی پیداواری اداروں میں بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، جس سے تیار ہونے والے ہتھیاروں کی برآمدات سے پاکستان کو خطیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ پاکستان کو سعودی عرب سے طویل مدتی معاشی پیکجز، مؤخر ادائیگیوں پر تیل و گیس کی فراہمی، اور سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹس کی صورت میں مالیاتی لائف لائن ملنے کی قوی امید ہے۔ سعودی عرب کے ”ویژن 2030“ کے فنڈز کا ایک حصہ پاکستان کے کان کنی، زراعت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں منتقل ہونے کی راہ ہموار ہو گی۔ یقینا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے 2026 سے پاکستان کو سٹریٹجک، فوجی اور معاشی لحاظ سے انتہائی دور رس فوائد حاصل ہوں گے۔

مزیدخبریں