نیشنل چیمپئنز کپ: مائیک ہیسن کی چاروں ٹیموں کے کوچز سے ملاقات

09:11 AM, 10 Aug, 2026

ملتان: پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے نیشنل چیمپئنز کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کوچز سے ملاقات کی، جس میں کھلاڑیوں کی ون ڈے کرکٹ میں بہتری اور مستقبل کے عالمی مقابلوں کے لیے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مائیک ہیسن اتوار کو ملتان پہنچے، جہاں وہ 11 سے 18 اگست تک جاری رہنے والے نیشنل چیمپئنز کپ کی نگرانی کریں گے۔ ایونٹ کے دوران ہونے والے تمام سات میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ڈے نائٹ شیڈول کے تحت کھیلے جائیں گے۔

اجلاس میں پاکستان گرینز کے کوچ مصباح الحق، پاکستان گولڈ کے کوچ اعجاز جونیئر، پاکستان وائٹس کے کوچ اقبال امام اور پاکستان بلوز کے کوچ اعزاز چیمہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان وائٹ بال ٹیم کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ شاہد اسلم بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ون ڈے فارمیٹ کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری، ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور میدان میں کھیل کی حکمت عملی کو مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔ کوچز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ان کی بہتری کے ممکنہ شعبوں سے متعلق بھی رائے کا اظہار کیا۔

نیشنل چیمپئنز کپ پاکستان کے 2026-27 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا ایک اہم ابتدائی ایونٹ ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو 2027 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی تیاری کے سلسلے میں اہم سمجھا جا رہا ہے، جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔

مائیک ہیسن ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا قریب سے جائزہ لیں گے، جس سے قومی وائٹ بال سکواڈ کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں