لاہور : معروف پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی نے بچوں پر سوشل میڈیا اور یوٹیوب کے اثرات سے متعلق جاری بحث پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی تربیت اور ان کے انٹرنیٹ استعمال کی نگرانی والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ڈکی بھائی کے مطابق بچوں کے رویوں یا عادات میں آنے والی خرابیوں کا ذمہ دار صرف یوٹیوبرز کو قرار دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کسی بچے پر آن لائن مواد کا منفی اثر پڑ رہا ہے تو والدین اس کی سرگرمیوں پر نظر کیوں نہیں رکھ رہے؟
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ویڈیوز میں نامناسب مواد سے گریز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ہر بچے کی ذمہ داری یوٹیوبرز پر عائد نہیں کی جا سکتی۔ ان کے بقول والدین کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے بچے انٹرنیٹ پر کیا دیکھ رہے ہیں اور کن سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
اپنے بچپن کی مثال دیتے ہوئے ڈکی بھائی نے بتایا کہ ان کے والد انہیں تعلیم پر توجہ دینے کی ترغیب دیتے تھے۔ اچھی کارکردگی پر انہیں پلے سٹیشن دینے کا وعدہ بھی کیا جاتا تھا، جبکہ کمپیوٹر پر حفاظتی نظام نصب کیا گیا تھا تاکہ ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔
ڈکی بھائی نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کے انٹرنیٹ استعمال کے حوالے سے فعال کردار ادا کریں اور ہر منفی رجحان یا مسئلے کی ذمہ داری یوٹیوبرز پر عائد کرنے کے بجائے بچوں کی تربیت اور نگرانی پر بھی توجہ دیں۔