سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مابین مذاکرات کا مثبت نتیجہ

07:29 PM, 10 Aug, 2025

کراچی: سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے ہیں، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں سے ملاقات کی اور دورانِ گفتگو حادثات اور پرتشدد واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ شرجیل میمن نے حادثے میں ہلاکتوں پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے پرتشدد واقعات کی سخت مذمت کی اور یقین دلایا کہ سندھ حکومت ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تشدد اور تباہ کاری مسائل کا حل نہیں، اور ہم تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل کے مستقل حل کے لیے کام کریں گے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں اور فسادات کو ہوا دینے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈمپر مالکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ڈمپرز میں کیمرا، جی پی ایس ٹریکر، انشورنس اور ڈرائیوروں کے لائسنس کی موجودگی یقینی بنائیں۔

اسی طرح، ٹرانسپورٹرز کے مالی نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

مزیدخبریں